Better Health Channel
betterhealth.vic.gov.au Department of Health
betterhealth.vic.gov.au Department of Health

گرج چمک کے طوفان سے وابستہ دمہ (Thunderstorm asthma - Urdu)

گرج چمک کے طوفان میں ہونے والے دمے سے خبردار کرنے والی نشانیوں، علامات اور علاج کے متعلق معلومات حاصل کریں۔ اس گراس پولن سیزن کے لیے تیار رہیں۔

English

گرج چمک کے طوفان سے وابستہ دمے سے کیا مراد ہے؟

وکٹوریہ میں گراس پولن سیزن بالعموم 1 اکتوبر سے 31 دسمبر تک رہتا ہے۔ اس دوران آپ کا دمہ اور موسم بہار کی الرجی (hay fever) زیادہ شدید ہو سکتی ہے۔ اس سیزن میں گرج چمک کے طوفان سے وابستہ دمے کا امکان بھی ہوتا ہے۔

گرج چمک کے طوفان سے وابستہ دمہ تب ہو سکتا ہے جب ہوا میں گراس پولن زیادہ ہو اور ایک خاص قسم کا گرج چمک کا طوفان آئے۔ گراس پولن کے دانے ہوا میں اڑتے ہوئے دور دور تک پہنچ جاتے ہیں۔ کچھ دانے پھٹ سکتے ہیں اور تب ان میں سے باریک ذراّت نکلتے ہیں جو گرج چمک کے طوفان سے عین پہلے چلنے والی تیز ہوا میں بڑی تعداد میں شامل ہوتے ہیں۔ یہ ذرّات اتنے چھوٹے ہوتے ہیں کہ یہ سانس کے ساتھ پھیپھڑوں میں بہت گہرائی تک پہنچ جاتے ہیں اور تیزی سے دمے کی علامات شروع کر سکتے ہیں، ان لوگوں میں بھی جنہیں پہلے کبھی دمہ نہ رہا ہو۔

جب ایسے حالات میں بہت سے لوگوں میں دمے کی علامات شروع ہو جائیں تو اسے گرج چمک کے طوفان سے ہونے والا وبائی دمہ کہا جاتا ہے۔

کن لوگوں کے لیے خطرہ ہے؟

گرج چمک کے طوفان سے وابستہ دمے کا خطرہ ان لوگوں کو ہوتا ہے جنہیں دمہ ہے یا ماضی میں دمہ رہ چکا ہے، جن کے دمے کی تشخیص نہیں ہوئی یا جنہیں موسم بہار کی الرجی ہے۔ یہ خطرہ ان لوگوں کے لیے اور بھی زیادہ ہوتا ہے جنہیں دمے کے ساتھ ساتھ موسم بہار کی الرجی بھی ہے، خاص طور پر اس صورت میں کہ دمے کو ٹھیک طرح سنبھالا نہ جا رہا ہو۔

اس گراس پولن سیزن میں خود کو محفوظ رکھیں

آپ مندرجہ ذیل آسان طریقوں سے خود کو اور ان لوگوں کو محفوظ رکھ سکتے ہیں جن کی آپ دیکھ بھال کرتے ہیں:

  • گرج چمک کے طوفان سے ہونے والے وبائی دمے کی پیشگوئیاں دیکھتے رہیں:
  • طوفانی موسم میں باہر نہ نکلیں، خاص طور پر طوفان سے عین پہلے چلنے والی ہوا سے بچیں۔ اندر چلے جائیں اور اپنے دروازے اور کھڑکیاں بند کر لیں۔ گھر یا گاڑی میں باہر کی ہوا اندر لانے والے ایرکنڈیشنر سسٹم کو بند رکھیں (evaporative ایر کنڈیشنر کو بند رکھنا بھی ضروری ہے)۔
  • دمے کی روک تھام کرنے والی (preventative) دوائی ہدایات کے مطابق لے لیں۔
  • یہ علم رکھیں کہ دمے کے دورے کو کس طرح سنبھالنا ہو گا۔ اپنے ایستھما ایکشن پلان پر عمل کریں یا ایستھما فرسٹ ایڈ استعمال کریں۔

دمہ

  • اگر آپ کو دمہ ہے - اپنے جی پی سے بات کریں یا اپنا ایستھما کنٹرول (سوالنامہ) چیک کریں اور اپنے ایستھما ایکشن پلان پر نظرثانی کر کے حسب ضرورت تبدیلیاں کریں تاکہ یہ یقینی ہو کہ آپ کے پاس دمے کی درست دوائی ہے اور یہ بھی چیک ہو جائے کہ آپ اسے درست طریقے سے استعمال کر رہے ہیں۔ یاد رکھیں، دمے کی روک تھام کرنے والی دوائی کو ہدایات کے مطابق لینا نہایت اہم ہے۔ اس دوائی سے دمے اور گرج چمک کے طوفان سے وابستہ دمے کی علامات سے بھی بچاؤ ہوتا ہے۔
  • اگر آپ کو کبھی دمہ رہ چکا ہے - اپنے لیے گرج چمک کے طوفان سے وابستہ دمے کا خطرہ کم کرنے کے متعلق اپنے جی پی سے بات کریں۔
  • اگر آپ کو سانس کی سیٹی جیسی آواز، سانس پھولنے، سینے میں تنگی محسوس ہونے یا لمبا عرصہ کھانسی کے مسائل رہ چکے ہیں - اپنے جی پی سے بات کریں۔ جی پی یہ معلوم کرنے میں آپ کی مدد کر سکتا ہے کہ آیا آپ کو دمہ ہے اور ان علامات کا کیا حل کرنا چاہیے۔
  • ہمیشہ دمے میں آرام دلانے والی (reliever) دوائی اپنے ساتھ رکھیں - یہ دمے کے لیے آپ کی ایمرجنسی فرسٹ ایڈ دوائی ہے۔

دمے کی ہلکی علامات کے سلسلے میں اپنے جی پی سے ملیں، یا فارماسسٹ سے بات کریں یا دوسری کیئر سروسز استعمال کریں۔ اگر آپ کی حالت بہتر نہ ہو رہی ہو یا حالت بگڑ رہی ہو تو 000 پر کال کریں یا ہسپتال جائیں۔

موسم بہار کی الرجی

  • اگر آپ کو موسم بہار کی الرجی (hay fever) ہے تو اپنے فارماسسٹ یا جی پی سے بات کریں۔ وہ آپ کو اس الرجی کا ٹریٹمنٹ پلان بنانے میں مدد دے سکتے ہیں اور گرج چمک کے طوفان سے وابستہ دمے سے بچنے کے طریقے بتا سکتے ہیں۔ اس میں یہ جاننا شامل ہو گا کہ اگر آپ کو گرج چمک کے طوفان میں دمے کی علامات پیش آئیں تو آپ کو کہاں سے دمے میں آرام دلانے والا پفر جلد مل سکتا ہے - یہ پفر نسخے کے بغیر فارماسسٹ سے مل جاتا ہے۔
  • اگر آپ کو دمے کی علامات شروع ہو جائیں تو ایستھما فرسٹ ایڈ کے مراحل پر عمل کریں اور بعد میں اپنے جی پی سے ضرور ملیں۔
  • اگر آپ کو موسم بہار کی الرجی کے ساتھ دمے کی علامات کا تجربہ ہوا ہے یا اگر آپ یہ ٹھیک سے نہیں جانتے تو اپنے جی پی سے ملیں۔ تشخیص ہوجانے کے بعد آپ کو مؤثر علاج مل سکے گا جس سے آپ کی طبیعت بہتر رہے گی اور آپ آرام سے سانس لے پائیں گے۔

ایستھما فرسٹ ایڈ

کمیونٹی میں سب لوگوں کو ایستھما فرسٹ ایڈ کا علم ہونا ضروری ہے۔ ایستھما فرسٹ ایڈ کے متعلق معلومات Better Health Channel، Asthma AustraliaExternal Link اور National Asthma Council AustraliaExternal Link سے دستیاب ہیں۔

ان صورتوں میں فوراً ٹریپل زیرو (000) کو کال کریں کہ:

  • ایک شخص سانس نہ لے رہا ہو
  • اس کا دمہ اچانک بگڑ جائے یا دمہ بہتر نہ ہو رہا ہو
  • اس شخص کو دمے کا دورہ پڑ رہا ہو اور دمے میں آرام دلانے والی دوائی مہیا نہ ہو
  • وہ شخص ٹھیک سے نہ جانتا ہو کہ آيا یہ دمہ ہے
  • یہ معلوم ہو کہ اس شخص کو اینافلیکسس ہوتا ہے۔ اگر ایسا ہو تو پہلے ہمیشہ ایڈرینلن آٹوانجیکٹر لگائیں، اور پھر دمے میں آرام دلانے والی دوائی دیں، چاہے اس کی جلد پر کوئی علامات نہ ہوں۔

یہ معلومات دوسری زبانوں میں لینے کے لیے ٹرانسلیٹنگ اینڈ انٹرپریٹنگ سروس (TIS National)External Link سے 450 131 پر رابطہ کریں (مفت کال) اور ان سے Nurse-on-Call کو فون کرنے کے لیے کہیں۔

اگر آپ بہرے ہیں یا آپ کی سماعت کمزور ہے یا اگر آپ کو بولنے/کمیونیکیشن کی معذوری ہے تو نیشنل ریلے سروس (NRS)External Link سے رابطہ کریں اور انہیں Nurse-on-Call کو فون کرنے کے لیے کہیں۔

Give feedback about this page

Reviewed on: 03-10-2025