خلاصہ
Read the full fact sheet- آپ اپنے بچے کو پریشان کن یا خوفناک تجربات سے صحت یاب ہونے میں مدد کر سکتے ہیں۔ ان تجربات میں یہ شامل ہو سکتے ہیں: گاڑی کے ایکسیڈنٹ, بش فائر اور سیلاب, فیملی میں اچانک بیماری یا موت, جرم، بد سلوکی یا تشدد,
- بچے ان چیزوں کو دیکھیں گے: آپ خود کیسے مشکل حالات سے نمٹتے ہیں, آپ ان کے جذبات اور رویے پر کیسے رد عمل ظاہر کرتے ہیں
- یہ تجاویز آپ کو اپنے بچے کے ساتھ ان کے تجربات کے بارے میں بات چیت کرنے میں مدد کر سکتی ہیں۔ یہ ضروری ہے کہ آپ اپنے بچے کو ایسے طریقے سےحقائق بتائیں جو وہ اپنی عمر کے لحاظ سے سمجھ سکیں۔
- آپ ہمیشہ پیشہ ورانہ مدد حاصل کر سکتے ہیں۔ آپ کے فیملی جی پی (ڈاکٹر) سے بات کرنا ایک اچھی شروعات ہے۔
On this page
بچے صدمے پر کیسے رد عمل ظاہر کرتے ہیں
کسی پریشان کن یا خوفناک تجربے پر بچے کا رد عمل ان چیزوں پر منحصر ہو سکتا ہے:
- ان کی عمر
- ان کی شخصیت
- آپ یا آپ کا خاندان کیسے رد عمل ظاہر کر رہا ہے
ہو سکتا ہے آپ کا بچہ اس طرح سے رد عمل ظاہر نہ کرے جس کی آپ توقع کر رہے ہیں۔ وہ یہ ان میں سے کوئی ردعمل ظاہر کر سکتا ہے:
- الگ ہونا – وہ سرگرمیوں میں دلچسپی کھو سکتا ہے۔ اس کے اعتماد میں کمی آ سکتی ہے، وہ خاموشی اختیار کر سکتا ہے، یا وہ اپنی چھوٹی عمر والے رویّوں کی جانب لوٹ سکتا ہے۔
- دھیان میں محو – اسے اس تجربے کو دوبارہ یاد کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ مثال کے طور پر، کھیل دہرا کر یا ڈرائنگ کے ذریعے۔ آپ کا بچہ مستقبل کے واقعات سے ڈر سکتا ہے یا اسے ڈراؤنے خواب آ سکتے ہیں۔
- پریشان – اسے توجہ مرکوز کرنے یا دھیان دینے میں مسائل ہو سکتے ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ وہ ہر وقت آپ کے قریب رہنا چاہے، اسے نیند کے مسائل ہو سکتے ہیں یا وہ آسانی سے مایوس ہو سکتا ہے۔
- طبیعت خراب ہونا – اسے سر درد اور پیٹ میں درد ہو سکتا ہے۔
آپ کے بچے کا رد عمل تاخیر سے ہو سکتا ہے۔ کچھ بچے بظاہر ٹھیک لگ سکتے ہیں، لیکن دنوں، ہفتوں یا مہینوں بعد رد عمل ظاہر کر سکتے ہیں۔
صدمہ خیز واقعے کے بارے میں کیسے بات کریں
اپنے بچے کے ساتھ سچی بات کرنا اس کی مدد کرے گا۔ آپ یہ کر سکتے ہیں:
- اپنے بچے کوتسلی دیں کہ وہ محفوظ ہے اور واقعہ ختم ہو چکا ہے۔ آپ کو انہیں کئی بارتسلی دینی پڑ سکتی ہے۔
- اپنے بچے کی بات سنیں۔ ان کی پریشانیوں اور احساسات کو سنجیدگی سے لیں۔
- اپنے بچے کو بتائیں کہ آپ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ وہ کیسا محسوس کر رہا ہے۔
- اپنے بچے کو واقعے کے بارے میں اس کی عمر کے مطابق مناسب طریقے سے بتائیں۔ ایسی زبان استعمال کریں جو وہ سمجھ سکے۔ اگر آپ کے بچے کو بنیادی حقائق معلوم نہیں ہوں گے، تو وہ خود ہی یہ سمجھنے کی کوشش کر سکتا ہے کہ کیا ہوا۔ وہ کہانی مکمل کرنے کے لیے اپنی تخیل یا محدود معلومات کا استعمال کر سکتا ہے۔ اس سے آپ کے بچے کے لیے مزید بے چینی اور الجھن پیدا ہو سکتی ہے۔
- یہ یقینی بنائیں کہ آپ کا بچہ جانتا ہے کہ جو کچھ ہوا اس میں اس کی غلطی نہیں ہے۔ وہ ایسا سوچ سکتا ہے شاید یہ اس کی شرارت کی وجہ سے ہوا یا اس لیے کہ وہ کسی اور کے بارے میں بری باتیں سوچتا تھا۔
- واقعے کے بارے میں بطور خاندان بات کریں۔ ہر ایک کو، بشمول بچوں کو، اپنی بات کہنے کی اجازت دیں۔ اس سے سب کو یہ محسوس کرنے میں مدد ملتی ہے کہ انہیں سہار میسر ہے اور ان کی بات سنی اور سجمھی جا رہی ہے۔
- اپنے بچے سے اس بارے میں بات کریں کہ لوگ پریشان کن تجربوں پر کیسے رد عمل ظاہر کر سکتے ہیں۔ انہیں بتائیں کہ ان حالات میں ان کے احساسات نارمل ہیں۔ آپ انہیں یقین دلا سکتے ہیں کہ وہ وقت کے ساتھ بہتر محسوس کریں گے۔
آپ صدمہ خیز واقعے پر کیسے رد عمل ظاہر کر سکتے ہیں
آپ کے بچے کے احساسات اور رویے پر آپ کا رد عمل ان کی بحالی کو متاثر کرے گا۔ یہ ضروری ہے کہ:
- ان کے رویے میں تبدیلیوں کے بارے میں سمجھ بوجھ رکھیں۔ بچے پریشان کن یا خوفناک واقعات پر مختلف طریقوں سے رد عمل ظاہر کرتے ہیں۔ ان کے رویے میں تبدیلیاں جیسے غصہ یا بستر گیلا کرنا نارمل ہے۔
- اپنے بچے پر اضافی توجہ دیں۔ یہ سونے کے وقت اور علیحدگی کے دوسرے اوقات میں اہم ہو سکتا ہے۔
- اپنے لیے مدد حاصل کریں۔ بچے پریشان کن واقعے کو سمجھنے اور جواب دینے کے لیے اپنے والدین یا دیکھ بھال کرنے والوں کی طرف دیکھتے ہیں۔ انہیں اپنے خوف کو سمجھنے اور انہیں تسلی دینے کے لیے اپنے ارد گرد بڑوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر آپ پریشان ہیں تو آپ بھی مدد حاصل کر سکتے ہیں۔ اگر آپ ایسا نہیں کرتے، تو یہ آپ کے بچے کے خوف اور تناؤ کو بڑھا سکتا ہے۔
- اپنے بچے کے ساتھ اپنے احساسات کے بارے میں مناسب طریقے سے بات کریں۔ یہ ان کے اپنے احساسات کے بارے میں بات کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔
- یاد رکھیں کہ ہر کوئی مختلف ہے اور مختلف جذبات رکھتا ہے۔ اپنے بچے سے یہ توقع نہ رکھیں کہ وہ آپ جیسا ہی محسوس کرے گا۔
- اپنے بچے کو اپنی زندگی پر قابو ہونے کا احساس دلائیں۔ معمولی فیصلے بھی انہیں یہ محسوس کروا سکتے ہیں کہ انہیں زیادہ کنٹرول حاصل ہے۔ یہ کسی پریشان کن واقعے کے بعد کی افراتفری کے بعد خاص طور پر اہم ہے۔ جو بچے بے بس محسوس کرتے ہیں وہ زیادہ تناؤ کا تجربہ کر سکتے ہیں۔
- اپنے بچے کی حد سے زیادہ حفاظت کرنے کی کوشش نہ کریں۔ کسی پریشان کن واقعے کے بعد آپ کے لیے اپنی فیملی کو قریب رکھنا نارمل ہے۔ لیکن انہیں یہ محسوس کرانے میں مدد کرنا ضروری ہے کہ ان کی دنیا ان کے رہنے کے لیے ایک محفوظ جگہ ہے۔
صدمہ خیز واقعے کے بعد فیملی کی روٹین
یہ ضروری ہے کہ:
- اپنے معمولات پر ہر ممکن حد تک قائم رہیں۔ اس سے بچوں کو تسلی ملتی ہے۔
- اگر آپ کا بچہ اپنے معمول کے مطابق کام نہیں کر پا رہا ہے تو اسے تسلی دیں۔ اس میں اسکول جانا یا گھر کے کام کرنا شامل ہو سکتا ہے۔
- نئی روٹینز، ذمہ داریاں یا ان کے رویے کے لیے نئی توقعات متعارف کرانے سے گریز کریں۔
- گھر میں بڑے کے طور پر اپنا کردار برقرار رکھیں۔ اگر آپ خود پریشانی کا سامنا کر رہے ہیں، تو اپنے بچے پر مدد کے لیے انحصار نہ کرنا اہم ہے۔
اپنے بچے کی صحت یابی میں کیسے مدد کریں:
یہ ضروری ہے کہ:
- اپنے بچے کو کھیلنے کے لیے کافی وقت دیں۔ اس میں کھیل کود، ان کے پسندیدہ کھیل، اور مانوس دوستوں کے ساتھ وقت گزارنا شامل ہو سکتا ہیں۔
- تفریح کے لیے وقت نکالیں۔ ہنسی مذاق، اچھے لمحات، اور مشترکہ خوشی فیملی کے تمام افراد کو بہتر محسوس کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔
- یاد رکھیں کہ آپ کے بچے کی بھوک میں تبدیلی آ سکتی ہے۔ اگر کھانے کے اوقات میں اس کا کھانے کو دل نہ کرے تو مکمل کھانے کے بجائے دن بھر اسے باقاعدگی سے ہلکے پھلکے سنیک پیش کریں۔
- یہ یقینی بنائیں کہ آپ کا بچہ مناسب آرام اور نیند حاصل کرے۔
- اسے جسمانی ورزش میں مدد دیں۔ اس سے آپ کے بچے کو تناؤ سے نمٹنے اور نیند کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
- چینی، مصنوعی رنگوں والے کھانے اور چاکلیٹ کو محدود کریں۔
- اپنے بچے کو جسمانی طور پر آرام کرنے میں مدد دیں۔ یہ گرم پانی سے نہانے، مالش، کہانی سنانے اور بہت ساری پیار بھری باتوں اور قریب ہونے سے ہو سکتا ہے۔
- اگر کوئی سرگرمی آپ کے بچے کو پریشان یا بے چین کرتی ہے تو اسے تبدیل کر دیں۔ مثال کے طور پر، کوئی ٹیلی ویژن پروگرام جو آپ کے بچے کو پریشان یا خوفزدہ کرتا ہو۔
اگر کسی بھی وقت آپ کو اپنی ذہنی صحت یا کسی عزیز کی ذہنی صحت کے بارے میں تشویش ہے، تو لائف لائن (Lifeline) کو 14 11 13 پر کال کریں۔
مدد کہاں سے حاصل کریں
- آپ کا جی پی (ڈاکٹر)
- آپ کی میٹرنل ہیلتھ نرس
- آپ کا مقامی کمیونٹی ہیلتھ سنٹر
- پیڈیاٹریشن یا بچوں اور نوجوانوں کا ماہرِ نفسیات – آپ کا ڈاکٹر آپ کو ریفر کر سکتا ہے
- فینکس آسٹریلیا سینٹر فار پوسٹ-ٹرامیٹک مینٹل ہیلتھ فون:
5599 9035 (03) - سینٹر فار گریف اینڈ بیریومنٹ فون:
066 642 1800
آپ یہاں سے بھی مشورہ حاصل کر سکتے ہیں:
- لائف لائن (Lifeline) فون: 14 11 13
- گریف لائن (GriefLline) فون: 1300 845 745
- beyondblue فون: 4636 22 1300
- کڈز ہیلپ لائن (Kids Helpline) فون: 1800 55 1800
- نرس آن کال (NURSE ON CALL) فون: 24 60 60 1300 - صحت سے متعلق ماہرانہ معلومات اور مشورے کے لیے (24 گھنٹے، 7 دن)
- آسٹریلین پیرنٹنگ ویب سائٹ – raisingchildren.net.au